۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ حسن ترابی

حوزہ/ قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان: علامہ حسن ترابی شہید نے صوبۂ سندھ پاکستان میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے تحریک کے سابق صوبائی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے صوبائی رہنما علامہ حسن ترابی شہید کی 16 ویں برسی کے موقع پر ان کی قومی و ملی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی شخصیت کے اپنے نظریے یا مشن کے ساتھ وابستگی کے مختلف مدارج اور عملی کام کے مختلف انداز ہوتے ہیں، جن کے ذریعے ان کی شخصیت دوسروں پر ظاہر ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ اور تجربہ شاہد ہے کہ اپنے نظریے اور مشن پر راسخ لوگ ہی بلندمرتبے اور بڑے درجے پر فائز ہوتے ہیں اور وہ دنیا اور آخرت دونوں میں سرخرو ہوتے ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ایک مدت سے ارض پاک معصوموں اور بے گناہوں کے خون ناحق سے رنگین نظر آئی۔ قائدین ملت ہوں یا دین مبین اسلام کی ترویج و اشاعت میں مشغول علماءکرام ہوں، اتحاد و وحدت کے فروغ میں مصروف عمل اکابرین وسماجی شخصیات ہوں یا ملک کے قانون و امن پسند عام شہری مختلف حالات میں حتیٰ کہ حالت مسافرت میں بسوں سے اتار کرشناخت کرکے انہیں اپنے ہی خون میں نہلادیا گیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری بنتی ہے کہ گذشتہ چار دہائیوں میں ملک کے طول و عرض میں ہونے والے سانحات کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو کیفرار کردار تک پہنچائے، تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کا اعادہ نہ ہو اور ملکی سالمیت اور قومی وحدت کے لئے کام کرنے والی شخصیات دہشت گردی کی بھینٹ نہ چڑھیں۔

انہوں نے ایک بار پھر شہید علامہ حسن ترابی کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ علامہ حسن ترابی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے اہداف و مقاصد کی تکمیل کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے، جن کی خاطر شہید نے اپنی زندگی وقف کررکھی تھی.

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .